ترک قونصل جنرل لاہور اور ترکش کوآپریشن اینڈ کوارڈی نیشن ایجنسی (ٹیکا) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے گورنمنٹ کالج لاہور کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایک شاندار سینٹر کا افتتاح بھی کیا گیا۔
اس موقع پر ترک قونصل جنرل لاہور نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ ہمیشہ سے بھائی ملک ہیں اور ایک دوسرے کی مشکل اور خوشی میں ہمیشہ سے شریک رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکا بہت اہم منصوبوں کو دیکھ رہا ہے۔ اس سے پاکستان اور ترکیے کے درمیان تعلق مزید گہرا اور مضبوط ہورہا ہے۔
سربراہ ٹیکا محسن بالچی نے بھی اس موقع پر گفتگو کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیکا پاکستان میں ترکیہ کی ترقیاتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے اہم کردار ادا کررہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم ایک نہایت اہم شعبہ ہے اور ہم اس شعبے میں مختلف منصوبوں کے لیے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تین ماہ پہلے ہم نے جی سی یونیورٹی کا دورہ کیا اور ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم ایک سینٹر بنائیں گے۔ آج ہمیں یہ دیکھ کر مسرت ہورہی ہے کہ ہم نے تین کمرون پر مشتمل ایک شاندار سینٹر بنایا ہے اور ہم افتتاح کررہے ہیں۔
ایجوکیشن اتاشی ٹیکا ڈاکٹر مہمت توران نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہمارے لیے اہم ہے۔ یہ پاکستان کا ثقافتی شہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ علامہ اقبال کا شہر ہے۔ گورنمنٹ کالج میں ترک زبان کے لیے کلاسز سے یہاں کے طلبہ یقینا مستفید ہوں گے۔
ترک وفد نے گورنمنٹ کالج کے اساتذہ کے ساتھ خوشگوار وقت گزارا اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کی۔
اس موقع پر وائس چانسلر گورنمنٹ کالج لاہور شازیہ بشیر اور دیگر شعبوں کے سربراہان نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ وائس چانسلر گورنمنٹ کالج لاہور نے ترک زبان مرکز کے قیام میں تعاون پر خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج ہمارا خواب پورا ہوا۔ ٹیکا کے تعاون سے ہم نے یہاں جو مرکز قائم کیا وہ پاکستان اور ترکی کے کلچر کا شاندار امتزاج پیش کرتا ہے۔ انہوں نے ترکی سفارت خانے، ٹیکا اور ترک حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے علامہ اقبال کے خوبصورت اشعار کے ذریعے ترک بہن بھائیوں کو بہترین خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
PR