سندھ فوڈ اتھارٹی میں 20 رکنی سائینٹفک پینل کا قیام

0
131

آئل اور گھی کے شعبے کے لئے سائینٹفک پینل قائم۔

پینل میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نمائندے اور جامعات کے فوڈ سائنس کے ماہرین شامل

پینل صنعت اور صارفین کے نمائندوں سے مشاورت کے بعد غذائی معیارات اور تکنیکی پہلوؤں پر سفارشات دے گا۔ ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو

کراچی: سندھ فوڈ اتھارٹی میں 20 رکنی سائینٹفک پینل کا قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئل اور گھی کے شعبے کے لئے سائینٹفک پینل قائم، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے نمائندے، مختلف جامعات کے فوڈ سائینس کے ماہرین اور پاکستان وناسپتی مینوفیکچر ایسوسیشن کے نمائندے شامل ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی نے سندھ فوڈ اتھارٹی ایکٹ 2016 کے سیکشن 11 (ف) کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک 20 رکنی سائینٹفک پینل تشکیل دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ پینل خاص طور پر آئل اور گھی کے شعبے سے متعلق اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (SOPs) کی تیاری اور ماہرین کی رہنمائی فراہم کرنے کے لئے قائم کیا گیا ہے۔

پینل میں پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی فوڈ اتھارٹیز کے نمائندے شامل ہیں، جن کا مقصد غذائی تحفظ اور معیار کے حوالے سے مشترکہ اقدامات کو فروغ دینا ہے۔ اس پینل کا قیام عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔

ڈائریکٹر جنرل سندھ فوڈ اتھارٹی مزمل حسین ہالیپوٹو نے سائینٹیفک پینل کے قیام کے متعلق کہا کہ مختلف جامعات کے فوڈ سائنس کے ماہرین بھی اس پینل کا حصہ ہیں، جو جدید سائنسی تحقیق اور علم کی روشنی میں فوڈ انڈسٹری کے معیارات اور پالیسیوں پر رہنمائی فراہم کریں گے۔

پینل کو اختیار حاصل ہوگا کہ وہ مختلف غذائی مسائل پر غور و خوض کے بعد صنعت اور صارفین کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کر کے معیارات، مصنوعات، طریقہ کار، اور فوڈ کے تکنیکی پہلوؤں پر سفارشات مرتب کرے۔ انہونے مزید کہا کہ اس پینل کے قیام کا مقصد نہ صرف غذائی مصنوعات میں معیاری بہتری لانا ہے بلکہ صارفین کو محفوظ اور صحت بخش خوراک فراہم کرنے کے لیے جدید تحقیق پر مبنی معیارات کو فروغ دینا بھی ہے۔

اگر اتھارٹی کو سائینٹفک پینل کی سفارشات سے اتفاق نہ ہو تو، وہ پینل کو دوبارہ غور کے لئے واپس بھیج سکتی ہے اور پینل اس معاملے پر دوبارہ غور کر کے اپنی حتمی سفارشات اتھارٹی کو فراہم کرے گا، جس پر اتھارٹی عملدرآمد کی پابند ہوگی۔ اس طرح سندھ فوڈ اتھارٹی کا یہ اقدام صارفین کی صحت و سلامتی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ صنعت میں بہتری کا باعث بھی بنے گا۔